مبینہ پولیس مقابلے، 2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

علامہ اقبال روڈ سے 15وارداتوں کا ملزم زین، کنڈا چوک سے اکرم پکڑا گیا
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 خطر ناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے۔پہلا مقابلہ تھانہ بی ڈویڑن کی حدود علامہ اقبال روڈ پر ہوا جہاں ایس ایچ او غلام رسول کی قیادت میں پولیس نے ملزم زین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو قتل اور سرقہ سمیت 15 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو خواتین سے بھی نازیبا حرکات میں ملوث نکلا۔دوسرا مقابلہ تھانہ صدر دیپالپور کی حدود کنڈا چوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب پولیس ملزم کو ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی کہ اس کے مسلح ساتھیوں نے حملہ کر کے اسے چھڑانے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ اکرم زخمی ہو گیا جو 48 سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزموں کی فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت محفوظ رہے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔