بڑی چٹان اور پتھر سرکنے لگے، ڈپٹی کمشنر مری کا پاؤں پتھر لگنے سے زخمی

بڑی چٹان اور پتھر سرکنے لگے، ڈپٹی کمشنر مری کا پاؤں پتھر لگنے سے زخمی

مری: ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) آصف امین اعوان نے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے سالگراں کا دورہ کیا، جہاں اس دوران بڑی چٹانیں اور پتھر سرکنے لگے، جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر زخمی ہو گئے۔

انتظامیہ کے مطابق دورے کے دوران ایک بھاری پتھر ڈپٹی کمشنر کے پاؤں پر آ گرا، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا طبی علاج جاری ہے۔واقعے کے بعد جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مری کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت اور بارش رکنے کے بعد ہی جی ٹی روڈ کو کھولا جائے گا۔انتظامیہ نے مقامی افراد اور سیاحوں کو متبادل راستہ مری ایکسپریس وے استعمال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام نے لوگوں سے پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔