ڈپٹی کمشنر لاہور کا راوی تحصیل کا دورہ، کلین لاہور مشن اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور کا راوی تحصیل کا دورہ، کلین لاہور مشن اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "کلین لاہور مشن" اور "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام" کے تحت جاری اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔

 اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے علی الصبح تحصیل راوی کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں میونسپل سروسز کا جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ڈپٹی چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر راوی، ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے شاہدرہ، سوئی گیس چوک، محمدی محلہ، کھوکھر پنڈ اور ملحقہ آبادیوں میں صفائی، سیوریج اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے نالوں، شاہراہوں، گلیوں، پارکس اور کھلے مقامات پر صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر، واسا اور نیسپاک حکام نے میونسپل سروسز اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو مثبت پیشرفت کی جانب گامزن ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے گلیوں اور شاہراہوں پر موجود تعمیراتی ملبہ فوری طور پر صاف کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کی بہتری، نکاسی آب اور تمام مین ہولز پر کورز کی تنصیب ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ تمام یونین کونسلز میں مین ہولز کے کورز کی موجودگی لازمی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹھیکیداروں اور نیسپاک کو ہدایت کی کہ گلیوں کی سطح درست رکھی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کھڑا نہ ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی سکیمیں مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کی جائیں گی۔