گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے اور ہارس ٹریڈنگ کے خدشات سے بچنے کے لیے انہوں نے صوبائی حکومت کو بروقت مشاورت کی تجویز دی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو سینیٹ انتخابات سے متعلق بات چیت کرنی چاہیے تاکہ کسی فریق کو شکایت نہ ہو۔ اگر مشاورت نہ ہوئی تو یہ بھی ممکن ہے کہ اپوزیشن زیادہ نشستیں حاصل کر لے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے معاملے پر بھی بات ہوئی تھی، اور انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ آئندہ ایسے معاملات پر بروقت سمری ارسال کی جائے تاکہ آئینی عمل میں رکاوٹ نہ آئے۔گورنر کا کہنا تھا کہ بروقت اور شفاف اقدامات ہی صوبے کے سیاسی ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں۔