سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے پالیسی میں ترمیم کا فیصلہ، رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوادی گئی

سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے پالیسی میں ترمیم کا فیصلہ، رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوادی گئی

پنجاب پولیس کی جانب سے 60 ہزار 127 مقدمات کی تفصیلی تفتیش کی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔

 اس رپورٹ کے مطابق دہشت گردی، سوشل میڈیا سے جڑے جرائم اور جنسی استحصال کے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا کہ ملزمان قوانین میں سقم ہونے کے باعث اکثر بری ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار 2,388 ملزمان کو بری کر دیا گیا ہے۔شیڈول ون کے تحت سوشل میڈیا اور سنگین جرائم سے جڑے 32,210 مقدمات کی تفتیش کی گئی، جن میں سے 555 افراد کو سزا دلوانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ تاہم، اس دوران 1,342 افراد کو بری کر دیا گیا ہے۔ شیڈول ٹو میں سنگین دفعات کے تحت 28,007 مقدمات کی تفتیش کی گئی اور اس دوران 314 ملزمان کو سزا ہوئی۔ شیڈول ٹو کے مقدمات میں مطلوب 1,046 ملزمان بھی بری ہو گئے۔

یہ رپورٹ حکومتی سطح پر نئی حکمت عملی کی تشکیل کے لیے مرتب کی گئی ہے تاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والے جرائم اور جنسی استحصال کے واقعات کو روکنے کے لیے بہتر اقدامات کیے جا سکیں۔ اس میں ترمیم شدہ قوانین اور پالیسیوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ ایسے مقدمات میں سزا کے امکانات بڑھائے جا سکیں اور عدلیہ پر موجود بوجھ کو کم کیا جا سکے۔