ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں کھلے مین ہول نے ایک شہری کی جان خطرے میں ڈال دی۔
موٹرسائیکل سوار شہری مین ہول میں گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے موقع پر موجود لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکال لیا۔
واقعہ کی تفصیلات
حادثہ شاہدرہ کے رسول پارک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سڑک پر موجود کھلا مین ہول شہری کے لیے موت کا پھندا بن گیا۔ شہری جیسے ہی موٹرسائیکل پر سڑک سے گزرا، اچانک کھلے مین ہول میں جا گرا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری کی موٹرسائیکل اچانک غائب ہو جاتی ہے اور آس پاس موجود لوگ فوراً دوڑ کر مدد کو پہنچتے ہیں۔ مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی شہری کو مین ہول سے باہر نکالا۔
انتظامیہ کی غفلت پر سوالات
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے یہ مین ہول کھلا ہوا تھا لیکن متعلقہ ادارے کو بارہا شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا مطالبہ ہے کہ واسا اور دیگر متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری ادا کریں اور عوام کی جانوں کو اس طرح کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔