بھارت: سنگ دل ماں نے بچے کو بس میں جنم دے کر کھڑکی سے باہر پھینک دیا

 بچے کو اس لیے پھینکا کیوں کہ اس کی پرورش کرنے کے قابل نہیں،ریتیکا کا پولیس کابیان ،ساتھی سمیت گرفتار
 نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست مہارا شٹر میں ایک نوجوان عورت نے ایک بس میں بچے کو جنم د ینے کے بعد اسے بس کی کھڑکی سے باہر پھینک دیا۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مہاراشٹرا  کے شہر پربھانی میں پیش آیا جہاںایک جوان سالہ ریتیکا نامی عورت اوراس کے ساتھ ایک شخص پونے سے پربھانی جا رہے تھے۔ دوران سفر اس نے بس میں ہی بچے کو جنم دیا۔ مگر اس کے بعد دونوں نے بے دردی سے بچے کو ایک کپڑے میں لپیٹ کر بس کی کھڑکی سے باہر پھینک دیا۔اس دوران ایک شہری نے جو سڑک پر تھا، بچے کو دیکھ لیا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بس کو روکا اور بس کے اندر تفتیش کی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بچے کو اس لیے پھینکا کیوں کہ وہ اس کی پرورش کرنے کے قابل نہیں تھے۔ پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا اور ریتیکا کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔پولیس نے دونوں کے درمیان ازدواجی تعلقات کی کوئی مستند دستاویزات نہ ہونے کے باوجود انہیں گرفتار کرکے، بچے کو پوشیدہ طریقے سے قتل کرنے اور لاش کو چھپانے کا کیس درج کرلیا۔