لاہور سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں‘27افراد جاں بحق گلیاں‘سڑکیں تالاب بن گئیں

ٹھوکر نیاز بیگ میں چھت گرنے سے ایک خاندان کے 5افراد‘شفیق آباد میں چھت گرنے سے ماں بیٹی‘مشن کالونی میں چھت گرنے سے3افراد جاں بحق ہو گئے
اسلام آباد ‘ راولپنڈی‘ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سانگلہ ہل، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن، عارف والا، قصور اور فاروق آباد میں بھی بارش

لاہور‘راولپنڈی(کرائم رپورٹر‘ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) مون سون کا زوردار سپیل جاری ہے، لاہور میں موسلادھار بارش سے ہونے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی جبکہ دیگر شہروں کی ہلاکتیں شامل کر کے تعداد27ہو گئی ۔لاہور اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش سے متعدد شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، دن میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ریسیکیو حکام کے مطابق بارش کے باعث لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 3 سالہ خدیجہ، 4 سالہ لطیفہ اور 35 سالہ رانی، جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔ رائیونڈ کے علاقے مشن کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا، کوٹ جمال رائیونڈ روڈ میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے، باغبانپورہ کے علاقے مومن پورہ روڈ پر ایک گھر کی چھت گر گئی جس سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے دم توڑ گئے۔واسا کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر، تاجپورہ میں 167 ملی میٹر، مغلپورہ میں 135، لکشمی چوک میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سانگلہ ہل، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن، عارف والا، قصور اور فاروق آباد میں بھی جم کر بادل برسے، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے، چشتیاں میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ماں بیٹا زخمی ہوگئے، پاکپتن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حویلی لکھا اور اوکاڑہ میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جان سے چلے گئے، جامشورو میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، رینالہ خورد اور شجاع آباد میں کرنٹ لگنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔