جعلی خبریں پھیلانے کی منظم مہم کے تحت حملہ آوروں کا تعلق پاکستان آرمی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی گئی، رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) فیک نیوز واچ ڈاگ نے پہلگام حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ منفی رپورٹنگ کو صحافتی اقدار کے قتل عام کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے بعد سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کی ایک منظم مہم کا آغاز کیا گیا ۔ فیک نیوز واچ ڈاگ کی جانب سے 31 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ میں انتہائی اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منظم مہم کے تحت حملہ آوروں کا تعلق پاکستان آرمی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی گئی۔فیک نیوز واچ ڈاگ نے حملے کے بعد ہوئے واقعات کی ٹائمنگ پر بھی سوال اٹھا دیے اور بتایا کہ حملے کے عینی شاہدین اور بھارتی میڈیا رپورٹنگ میں واضع تضاد سامنے آیا، شام میں 2018 کے دوران لی گئی بچے کی دردناک تصویر کو پہلگام حملے کے ساتھ جوڑا گیا۔واچ ڈاگ کے مطابق مقامی علیحدگی پسند گروپ کے حملے کو ہمسایہ ملک کے ساتھ جوڑنے سے دونوں ممالک کو سفارتی سطح پر نقصان اٹھانا پڑا، تاہم سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور فضائی حدود کی بندش سے دونوں ممالک شدید متاثر ہونگے۔