اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل، آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے بی سی))میں اصلاحات، نیوز ایجنسیوں کے بجٹ، میڈیا ہاسز کے واجبات اور ڈمی اخبارات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات اور سی پی این ای کے عہدے داروں نے آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز کے نظام میں اصلاحات کرنے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت آزاد، ذمہ دار اور مضبوط پرنٹ میڈیا پر یقین رکھتی ہے، اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا، اے بی سی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مثر اور شفاف بنانا وقت کی ضرورت ہے‘وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے بی سی میں ضروری اصلاحات، میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی بروقت ادائیگی، نیوز ایجنسیوں سے متعلق معاملات اور اخباری صنعت کو درپیش دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دیا جا سکے ‘ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل، صحافتی اداروں کی مضبوطی اور معلومات کی شفاف ترسیل کے لیے حکومت اور میڈیا تنظیموں کے درمیان قریبی رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔