قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے مستقل طور پر کراچی چھوڑ کر اسلام آباد میں منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق، شاہد آفریدی نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ فیصلہ چند ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا۔شاہد آفریدی نے یہ بھی واضح کیا کہ ماضی میں انہیں اہم حکومتی عہدے کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے گریز کیا اور فی الحال سیاست میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کرکٹ نے انہیں دنیا بھر میں عزت، مقام اور شناخت دی، اور ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ اور ملک کے لیے کچھ واپس لوٹا سکیں۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل اور فائنل میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں 2011 کے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم ان کی قیادت میں سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔یہ اقدام شاہد آفریدی کی ذاتی زندگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے، اور کرکٹ حلقوں میں بھی اس پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔