بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو دی جانے والی پنشن نے ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق، بھارت کے معروف سابق کرکٹر ونود کامبلی کو بی سی سی آئی کی طرف سے صرف ماہانہ 30 ہزار روپے کی پنشن ملتی ہے، جو پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی پنشن سے بھی کم ہے۔ آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ماہانہ 1 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے (جو تقریباً 47 ہزار بھارتی روپے بنتی ہے) کی پنشن ملتی ہے۔پاکستان کے سابق کھلاڑیوں کے لیے پی سی بی نے ایک مخصوص فارمولا ترتیب دیا ہے جس کے تحت شاہد آفریدی جیسے کھلاڑیوں کو ان کے کرکٹ کیریئر کی کامیابیاں اور شاندار کارکردگی کے عوض مناسب پنشن فراہم کی جاتی ہے۔
آفریدی نے اپنے کیریئر میں 500 سے زائد میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ان کے کئی ریکارڈز آج بھی کرکٹ کی تاریخ کا حصہ ہیں۔دوسری جانب بھارت میں، بی سی سی آئی کی جانب سے ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو دی جانے والی پنشن کی رقم کافی کم ہے، جس میں ونود کامبلی جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے 1990 کی دہائی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن کر اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس معاملے نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنے سابق کھلاڑیوں کے لیے فراہم کی جانے والی مراعات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔