گوالمنڈی، شالیمار، مسلم ٹاؤن، ستوکتلہ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ڈولفن پولیس کا خصوصی آپریشن جاری ہے ایس پی ڈولفن اختر نواز کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران سنیچنگ، ڈکیتی اور چوری میں ملوث 8 لسٹڈ عادی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے گوالمنڈی، شالیمار، مسلم ٹاؤن، ستوکتلہ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مشکوک افراد کو راؤنڈ اپ کیا۔ ابتدائی تفتیش اور کریمنل ریکارڈ کی جانچ کے بعد یہ افراد عادی مجرمان ثابت ہوئے، جو سنگین جرائم میں ملوث اور مختلف گروہوں کے سرغنہ ہیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان میں بلال (47)، عدنان (39)، جاوید (33)، ابرار (44)، یاسین (33)، عبدالستار (24)، ثاقب (34) اور خرم (21) شامل ہیں، جو راہزنی اور ڈکیتی کے 21 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شالیمار، گوالمنڈی، ساندہ، نواں کوٹ اور دیگر متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن اختر نواز نے کہا ہے کہ سٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔