وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو "سرٹیفائیڈ کرپٹ سیاستدان" قرار دیتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی، اور برطانوی اخبار نے ان کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔ وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے اس الزام کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ الزام درست ہے، اور ان کے خلاف برطانوی عدالت سے کرپشن کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اقتدار حاصل کرنے کے لئے ملک کو دھوکہ دیا اور وہ اس وقت سرکاری ڈاکے کے دفاع میں ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے کرپشن کیس کو عدالت میں چیلنج کیا اور بری ہوگئے، جب کہ تحریک انصاف اس ملک کی سب سے بڑی چوری کا دفاع کر رہی ہے۔