داتا دربار ری ماڈلنگ :سامان چوری کرنیوالا ملزم گرفتار

ملزم لیبر جیکٹ اور کیپ پہن کر سائٹ میں داخل ہوکر وارداتیں کرتا رہا 
 زیر زمین کیبلز بھی نکالتا رہا ،سٹریٹ لائٹس بار بار بند ہو جاتی تھیں 
لاہور (کرائم رپورٹر)ٹیپا انفورسمنٹ ٹیم نے داتا دربار ری ماڈلنگ منصوبے سے کنسٹرکشن کا سامان چوری کرنیوالا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔یہ وہی علاقہ ہے جہاں سانحہ بھاٹی گیٹ پیش آیا تھا اور سکیورٹی پہلے ہی ہائی الرٹ ہے۔ ملزم لیبر کی جیکٹ اور کیپ پہن کر تعمیراتی سائٹ میں داخل ہوکر خود کو مزدور ظاہر کر کے وارداتیں کرتا رہا۔ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ابتدائی تفتیش میں اس نے سٹیل، پائپس اوربیریکیڈنگشیٹس چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ملزم زیر زمین کیبلز بھی نکالتا رہا جس سے سٹریٹ لائٹس بار بار بند ہو جاتی تھیں اور کیبلز تبدیل کرنا پڑتی تھیں۔دوسری جانب پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر سیفٹی پروٹوکولز کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خصوصی سیفٹی جانچ ٹیم تشکیل دیدی گئی جبکہ 9 اضلاع میں سیفٹی اینڈ مانیٹرنگ آفیسرز تعینات کر دیئے گئے۔سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل نے واضح کیا ہے کہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔