دربار،بھاٹی،موہنی روڈ ، ملحقہ علاقوں کی ماسٹر پلاننگ کے تحت ازسرِنو تعمیر ہوگی
لاہور (خصوصی رپورٹ)بڑا شہری ترقیاتی منصوبہ عملی شکل اختیار کرنے لگا۔ داتا دربار ایریا کی ری ماڈلنگ اور ری ویمپنگ پراجیکٹ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ٹیپا نے منصوبے کی تخمینہ لاگت اور کام کی مدت کا باضابطہ تعین کر لیا۔ حکام کے مطابق دربار ، بھاٹی چوک، موہنی روڈ اور ملحقہ علاقوں کی ماسٹر پلاننگ کے تحت ازسرِنو تعمیر ہو گی۔ٹیپا نیمنصوبے کا ایک ارب 47 کروڑ 32 لاکھ 83 ہزار کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ ری ویمپنگ ورک چھ ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے میں رش، زائرین کی سہولت، ٹریفک مینجمنٹ اور سکیورٹی کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ یہ علاقہ جدید ضروریات کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ دربار ایریا کی ری ویمپنگ کیلئے 4 کنال اراضی ایکوائر کی جائیگی۔ کربلا گامے شاہ سے دربار جانیوالی روڈ پردکانوں کو گرایا جائے گا ،4 کنال پر قائم 20 سے زائد تجارتی یونٹس کو بھی گرایا جائیگاتاکہ ایریا کو کھلا، منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔ اس سے ناصرف زائرین کی آمدورفت بہتر ہوگی بلکہ بھاٹی چوک سے دربار تک رسائی کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ پراجیکٹ پر عملی کام اگلے دسمبر میں شروع کر دیا جائے گا۔ منصوبے مکمل ہونے پر داتا دربار کے اطراف نا صرف ٹریفک دبائوکم ہوگا بلکہ پورا علاقہ جدید پلاننگ کیساتھ نئی شناخت حاصل کرے گا۔