بارڈر ہیلتھ سروسز ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو مزید موثر بنایا جائے:وفاقی وزیر کی اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقہ وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک کے ہر ضلع میں کم از کم ایک ایچ آئی وی اسکریننگ اور علاج مرکز قائم کیا جائے۔مصطفی کمال کی زیر صدارت ملک میں ایچ آئی وی/ایڈز کی صورتحال پر اسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں درپیش چیلنجز اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سینٹرل منیجمنٹ یونٹ کے اعلی حکام اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا کہ ایچ آئی وی کی روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج کی دستیابی کو مزید مثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ ملک کے ہر ضلع میں کم از کم ایک ایچ آئی وی اسکریننگ اور علاج مرکز قائم کیا جائے اور عوام کو اپنے ہی علاقوں میں معیاری علاج کی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو مزید موثر بنایا جائے، سرحدوں سے آنے والے ہر فرد کی مناسب اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔