عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں، ان سے متعلق میڈیکل بورڈ کی تمام سفارشات پر عمل کیا جائے گا:وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات
اسلام آباد‘راولپنڈی (آئی این پی )وزیردفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے علاج کیلئے ملک سے باہر جانے کے مطالبے کی تمام خبروں کی تردید کردی ۔سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے مختلف عناصر کی جانب سے پھیلائے جانے والے پراپیگنڈے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی طرف سے کوئی ڈیمانڈ نہیں ہے کہ انہیں علاج کے لیے باہر بھیجا جائے اور نہ ہی حکومت ایسا کچھ سوچ رہی ہے یہ سب اخباری باتیں ہیں۔دریں اثناء وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگر کوئی جان لیوا بیماری لاحق ہوئی زندگی بچانے کے لیے بیرون ملک بھجوایا جاسکتا ہے ورنہ نہیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ڈیل کے حوالے سے کوئی بات چیت ہوئی تو پارلیمانی قوتوں سے ہوگی، بانی پی ٹی آئی کو بیرون ملک بھجوانے پر بہت سوال ہوئے، ایک ہی صورت ہے، قانونی شہادت کے بنیاد پر اگر کوئی ایسی جان لیوا بیماری لاحق ہو تو زندگی بچانے کے لیے بیرون ملک بھجوایا جاسکتا ہے ورنہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے حوالے سے واضح ہے جو علاج ضروری ہے وہ میسر ہے اور آئندہ بھی میسر ہوگا، حکومت علاج کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے، ان کے سے متعلق پروپیگنڈا جھوٹ نکلا، عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق تمام سہولیات میسر ہیں، ان سے متعلق میڈیکل بورڈ کی تمام سفارشات پر عمل کیا جائے گا