آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف نے سیاسی مفاہمت کیلئے اپنا کردار ادا کرنا شروع کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے صدر مملکت آصف علی زرداری سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو متحدہ عرب امارات بھجوانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ’کچھ دو کچھ لو‘ کے اصول کے تحت معاملات چل رہے ہیں جس میں نواز شریف فعال کردار ادا کررہے ہیں جب کہ اْن کی جانب سے رانا ثناء اللہ بھی اس ضمن میں مثبت سیاسی کردار ادا کررہے ہیں‘ نوازشریف اپوزیشن کو اپنے ساتھ انگیج کرکے مفاہمت کا کردار ادا کررہے ہیں۔محمد علی درانی کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے سیاسی مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا شروع کیا ہے جس کے اثرات بھی نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاج کے معاملے میں حکومتی رویہ مناسب نہیں رہا، زرداری صاحب نے اپنی آدھی قید ہسپتالوں میں گزاری جب کہ نوازشریف بھی اس صورتحال سے گزر چکے ہیں۔ عمران خان کی آنکھ اور صحت سے متعلق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ عدالتی عمل سے موجودہ صورتحال میں تبدیلی کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔ صحت و علاج کے معاملے میں گنجائش رکھنا سب کے مفاد میں ہے۔