طبی ماہرین نے عمران خان کے علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن رہنمائو ں اور بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو طبی ٹیم نے بریفنگ دی ہے
سرکاری سطح پر موٹر وے اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام،کے پی حکومت ماورائے آئین کام کرے گی تو وفاق کو ایکشن لینا پڑے گا :شیخورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب
شیخوپورہ(آئی این پی)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6 /6 ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی چشمہ لگا کر 70 فیصد ہے،انہوں نے سرکاری سطح پر موٹر وے اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ماورائے آئین کام کرے گی تو پھر وفاق کو ایکشن لینا پڑے گا۔شیخورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا وکلا کے مسائل کا ادراک ہے اور ان مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ میں تعاون ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام اشد ضروری ہے، ریاست پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر ہمارا حصہ ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام ہے، خیبرپختونخوا حکومت آئین اور قانون کی پاسداری کرے، اگر کے پی حکومت سڑکیں نہیں کھولے گی تو پھر وفاق کو آئین پر عمل کرتے ہوئے ایکشن لینا پڑے گا پھر کسی کو برا نہ لگے، ہم سب نے مل کر اس ملک کو بہتری کی طرف لے جانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار دیکھا ہے کہ سرکاری سطح پر عوام کے حقوق سلب ہو رہے ہیں۔ آئین کا آرٹیکل 15 کہتا ہے کہ عوام کی نقل وحمل بند نہیں ہو سکتی۔ خیبر پختونخوا حکومت آئین کی پاسداری کرے۔بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، اپوزیشن رہنمائو ں اور بانی کے ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔