پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخی رشتوں پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں ‘ دونوں بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں:شہبازشریف

وزیردفاع  کی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں پاکستان ‘ انڈونیشیاکا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
باہمی فائدہ مند منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے انڈونیشیا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے  کی ضرورت ہے:وزیراعظم سے انڈونیشیا کے  وزیرِ دفاع کی ملاقات میں  مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا عزم کیا گیا
انڈونیشیا کے وزیردفاع کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کی تعریف‘ فیلڈ مارشل سے  ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سکیورٹی کے امور اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پہلوئوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  ہے  پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخی رشتوں پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع  لیفٹیننٹ جنرل(ر) سیافری سمسودین  نے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے   انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانٹوو  کے ساتھ قاہرہ میں جی 8 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی خوشگوار ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات پر  بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخی رشتوں پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان کے انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی و تزویراتی تعلقات اور تجارت، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات  میں  دونوں رہنمائو ں نے کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے باہمی فائدہ مند منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے انڈونیشیا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔وزیر اعظم نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور دونوں رہنمائوں نے اس معاہدے کے نفاذ کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔دریں اثناء انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا جبکہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجافری سجام الدین نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی کے امور اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون پر زور دیا گیا جبکہ فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے لئے انڈونیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔