پاکستان خطے میں امن کاخواہاں ہے: آصف علی زرداری
آسیان میں میانمار کا کردار علاقائی استحکام کے لیے اہم ، میانمار کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنائیں گے،میانمار کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمنائوں کا اظہار کیا
اسلام آباد(آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی نے یومِ آزادیِ میانمار پر قائم مقام صدر من آنگ ہلینگ کو مبارکباد کا پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ تجارت، دفاع، صحت اور ثقافت میں پاکستان،میانمار تعاون میں اضافہ ہوا ہے، مشترکہ مفادات میں تعاون کے مزید مواقع موجود ہیں۔صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے میانمار کے ساتھ مل کر کام کا خواہاں ہے،پاکستان، اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پرمیانمار کے ساتھ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ آسیان میں میانمار کا کردار علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے، میانمار کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، صدرِ مملکت نے میانمار کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔