کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملیر ندی سے پانی کے اخراج کے بعد کورنگی کاز وے کلیئر ہو جائے گا اور شہریوں کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو ملیر ندی، کورنگی کاز وے اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی کی موجودہ صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھیں۔مراد علی شاہ نے قیوم آباد کا دورہ کرتے ہوئے کورنگی کاز وے اور قیوم آباد چورنگی پر بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے شاہراہ بھٹو کا بھی دورہ کیا جہاں چیف سیکریٹری آصف حیدر نے انہیں ریسکیو آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔