کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن و امان پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کی کانفرنس کا انعقاد

کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن و امان پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کی کانفرنس کا انعقاد

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس کانفرنس میں سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے، جن میں ایم کیو ایم پاکستان کا بھی اہم کردار ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے اس کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ انہیں وزیرِ اعلیٰ سندھ کی جانب سے خاص طور پر مدعو کیا گیا ہے۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں ڈمپر حادثات اور ان سے متعلق مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی تاکہ ان حادثات کو روکنے اور ان کی شدت کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔ کانفرنس میں ایم کیو ایم سے فاروق ستار، علی خورشیدی، طحہٰ احمد اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق، اس کانفرنس میں عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے تاکہ ٹریفک حادثات کی وجوہات اور اس کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بات کی جا سکے۔

دوسری جانب، کراچی پولیس نے رواں سال کے ٹریفک حادثات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف حادثات میں 116 افراد جاں بحق اور 1303 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 84 مرد، 16 خواتین، 12 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ان حادثات میں ڈمپر اور دیگر بڑے گاڑیوں کے ملوث ہونے کے باعث حادثات کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔کانفرنس کا مقصد کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ہے تاکہ شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔