لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایم بی بی ایس کے لئے کوالیفائی کرنے والے کانسٹیبل شہزاد عباس کی شاندار حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کانسٹیبل شہزاد عباس کو ابتدائی دو سالہ تعلیمی اخراجات کیلئے 5 لاکھ روپے جاری کر دئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل شہزاد کو پنجاب میڈیکل کالج میں داخلہ ملنے پر مبارکباد دی اور روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین، انکے بچوں کو اعلی تعلیم اور روشن مستقبل کے لئے ہرممکن مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔گزشتہ سال پولیس ملازمین کے بچوں کو سکالرشپس کی مد میں 78 کروڑ روپے سے زائد رقم فراہم کی گئی۔پولیس ملازمین کے بچوں کو مقامی درسگاہوں میں فیسوں میں رعایت اور بیرون ملک یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے لئے فارن سکالرشپس بھی فراہم کر رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کے حامل نوجوان پنجاب پولیس کا فخر ہیں جو دیگر اہلکاروں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لیہ پولیس کے کانسٹیبل شہزاد عباس نے ایم کیٹ میں 188، مجموعی طور پر 94.6818 فیصد سکور کیا تھا۔