نارووال میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم نوجوان نالہ ڈیک کے ٹوٹے پل سے نیچے جا گرا
جمرود میں ٹرک سے تصادم، کار سوار5دوست دم توڑ گئے، دولہا معجزانہ طور پر محفوظ رہا
نارووال،پشاور ،خیبر،سوات (خصوصی رپورٹ)مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران2 بھائیوں سمیت 8افراد جاں بحق،3زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق نارووال کی تحصیل ظفروال کے علاقہ ہنجلی کے مقام پر دھند کے باعث موٹر سائیکل سوار نامعلوم نوجوان مبینہ طور پر نالہ ڈیک کے ٹوٹے پل سے نیچے جا گرا اور زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گیا، حادثہ کا صبح کے وقت علم ہونے پر تھانہ پھلورہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لی، متوفی کی شناخت نہ ہو سکی۔ ادھر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں باب خیبر کے سامنے ٹرک سے تصادم کے نتیجے میں دولہے کی کار کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجہ میں 2بھائیوں سمیت 5دوست جاں بحق ہو گئے جبکہ دولہا محفوظ رہا، نیو آبادی جمرود کے رہائشی منصور عبدالقا در، نعمان مجیب، سہیل ، ضراب خوشدل وغیرہ اپنے دوست دولہا کو سیلون سے تیاری کے بعد بارات لے جانے کیلئے گھر لا رہے تھے کہ تیزرفتاری کے باعث کار کو حادثہ پیش آگیا، کار مکمل تباہ ہو گئی۔ جبکہ سوات کے علاقے کوکارئی کے بالائی علاقہ چنار میں باراتیوں سے بھری پک اپ گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 16 سالہ کاشف اور 4 سالہ حضرت عثمان دم توڑ گئے جبکہ 17 سالہ رضا اللہ، 17 سالہ پرویز اور 13 سالہ محمد عمر زخمی ہو گئے، گاڑی خود ڈرائیوکرنیوالا دولہا حجاج معجزانہ طور پر محفوظ رہا،زخمیوں کو سیدو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیاجہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔