چینی 170 روپے میں پڑ رہی ، کم قیمت پر فروخت سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو نقصان ہوگا،موقف
اسلام آباد (آن لائن) شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کم قیمت پر فروخت کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے رمضان المبارک میں عام مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 روپے تک رکھنے کی ہدایت کر رکھی ہے ،اس ضمن میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کوہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں ،حکومت کی جانب سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو 140 روپے فی کلو تک عام مارکیٹ میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم شوگرملز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ چینی کی پیداواری لاگت کے مطابق چینی 170 روپے میں پڑ رہی ہے،چینی کی کم قیمت پر فروخت سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو نقصان ہوگا، ذرائع کے مطابق حکومت نے چینی کی برآمد کی مشروط اجازت دی تھی، چینی کی برآمد کی اجازت قیمتیں نہ بڑھنے سے مشروط تھیں، رمضان میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پر چینی 130 روپے دستیاب ہوگی، عام مارکیٹ میں چینی 140 روپے فی کلو چینی فروخت کرنے کی ہدایت کی۔