سینیٹ کا اجلاس آج ہوگا:40نکاتی ایجنڈہ جاری کردیا گیا

اسلام آباد(آن لائن) سینیٹ کا اجلاس آج سوموار کو ہوگا ،اجلاس کا 40نکاتی ایجنڈہ جاری کردیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ کا اجلاس سوموار کی شام4بجے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کیلئے جاری ہونے والے ایجنڈے کے مطابق پرائیویٹ ممبر ڈے کے طور پر ممبران کی جانب سے متعدد بلز پیش کئے جائیں گے جن میں بار کونسل ترمیمی بل،ذہنی صحت کے حوالے سے ترمیمی بل،انکم ٹیکس ترمیمی بل اور یونیورسٹی آف بزنس ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل شامل ہیں ۔اجلاس میں قومی اسمبلی سے ترامیم کے ساتھ منظور شدہ پارلیمنٹیرنز کی تنخواہوں اور مراعات کا بل بھی پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں سینیٹر انوشہ رحمن کی جانب سے سی سی ایس امتحانات میں فیل ہونے والے طلبہ کی بڑی تعدادسینیٹر محسن عزیز کی جانب سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے اورسینیٹر شیری رحمن کی جانب سے ملک میں صنفی تشدد میں اضافے کے حوالے سے تحاریک پر بحث کی جائے گی ۔اجلاس میں اسماعیلی فرقہ کے روحانی پیشوار پرنس کریم آغا خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔