بونڈائی ساحل پر حملہ میں ملوث نوید اکرم کو ہوش آگیا، متاثرین کی یاد میں شمعیں روشن

سڈنی (آئی این پی )آسٹریلیا میں  سڈنی کے بونڈائی ساحل حملے میں ملوث مبینہ حملہ آور نوید اکرم اب کوما سے نکل کر ہوش  آگیا جبکہ  لوگ بونڈائی پویلین میں جمع ہو رہے ہیں جہاں پر دہشتگردانہ حملے کے متاثرین کی یاد میں پھول رکھے  جارہے ہیں ، حملوں میں مارے جانے والے شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے  لوگوں نے شمعیں روشن کیں۔آسٹریلوی میڈیا  کے مطابق   بونڈائی ساحل حملے میں ملوث مبینہ حملہ آور نوید اکرم اب کوما سے نکل کر ہوش میں آ چکے ہیں۔  وید اکرم پولیس سے بات چیت کر رہے ہیں۔  حملہ آوروں کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم اور ان کے 24 سالہ بیٹے نوید اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ساجد جائے وقوعہ پر ہی مارے گئے تھے جبکہ نوید کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ساجد اور نوید اکرم کی قومیت کے حوالے سے بحث حملے کے فورا بعد ہی شروع ہو گئی تھی اور منگل کو منیلا میں حکام نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 50 سالہ ساجد اکرم نے حال ہی میں انڈین جبکہ ان کے بیٹے نے آسٹریلوی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا تھا۔سڈنی کے مشہور بونڈائی ساحل پر منعقد ہونے والی یہودیوں کی تقریب پر دہشت گردانہ حملے کو دو دن گزر چکے ہیں تاہم آسٹریلوی حکام بشمول وزیراعظم کی جانب سے تاحال اس پہیلی کا جواب نہیں دیا گیا کہ حملہ آور باپ اور بیٹے کا تعلق کس ملک سے تھا۔