پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، مظاہرے، شہداء کی یاد میں شمعیں روشن

کراچی میں ایم کیوایم ،حیدرآباد ،لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کاخراج تحسین،بلوچستان میں بھی ریلیاں نکالی گئیں
اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھارتی حملوں میں شہید ہونیوالے معصوم بچوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں
 اسلام آباد؍ کراچی(آئی این پی ) ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے، کراچی میں ایم کیو ایم کا افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ ہوا، شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکاء نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔حیدر آباد، لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی نے پاکستانی فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں، شرکا نے ڈسٹرکٹ کونسل کے سامنے مارچ کیا، بلوچستان بھر میں یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں، پاک افواج کی حمایت اور بھارتی جارحیت کی مذمت کی گئی۔اسلام آباد میں بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی یاد میں ڈی چوک پر شمعیں روشن کی گئیں، شرکا نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔