یوم شہدا ء پولیس : شمعیں روشن،قبروں پر سلامی

 مساجد میں قر آن خوانی ،یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے،اڑھائی سال میں صوبے کو محفوظ بنادیا:آئی جی عثمان انور 
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور سمیت پنجاب بھر میں یوم شہدا ء پولیس انتہائی عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا گیا،آئی جی پنجاب نے شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ تمام اضلاع میں پولیس کے چاق و چوبند دستوں کی شہد اء کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی، شہدا ء پولیس کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کے لیے مساجد میں قر آن خوانی اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے الحمرا ہال میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملک و قوم کی حفاظت کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے پولیس شہداء کے اہلخانہ سمیت سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی، فنکار سہیل احمد عزیزی، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، گلوکارہ حمیرا ارشد، گلوکار ساحر علی بگا اور مختلف شعبہ ہائے  زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے اڑھائی سال میں پنجاب کو محفوظ صوبہ بنایا، پنجاب پولیس نے 365 میں سے 353 دن قربانیاں دیں جبکہ صرف 12 دن شہادت سے خالی ہیں، 2017ء سے قبل کے شہداء کی 712 فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس اور مالی امداد دی گئی جبکہ 2017ء میں سانحہ چیئرنگ کراس کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہداء کی فیملیز کو گھر دینا شروع کیے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ وزیر اعلٰی پنجاب نے شہداء کے اہل خانہ کے گھروں کیلئے دی جانے والی رقوم میں اضافہ کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشتگرد حملہ کرتا رہے گا لیکن پنجاب پولیس کے جوان بہادری سے ان کا سامنا کرتے رہیں گے جبکہ عوام کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت ہی فورس کا عزم ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب میں امن شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی ہے جبکہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے، پولیس شہداء کے اہلخانہ کیلئے کئے گئے تمام اقدامات کا کریڈٹ سابق نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جا تا ہے، پنجاب حکومت شہداء پولیس کی ویلفیئر کے اقدامات کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔تقریب میں پولیس شہدا کے اہلخانہ، بچوں نیبھی خیالات کا اظہار کیا۔ 2017ء سے قبل کے شہداء پولیس کے اہلخانہ میں پلاٹس کی فائلیں تقسیم کی گئیں۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی جانب سے 26 شہداء کے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو جدید لیپ ٹاپ بھی دئیے گئے۔ گلو کارہ حمیرا ارشد نے شہادت کے موضوع پر ملی نغمے پیش کئے۔ آئی جی عثمان انور کی جانب سے تقریب کے شرکا ء کو سووینئرز بھی پیش کئے گئے۔بعدا زاں آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔