سکیورٹی انتظامات ، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں بڑی بیٹھک

 لاہور(کرائم رپورٹر)کرسمس کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں بڑی بیٹھک کا انعقاد ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے مسیحی مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ جس میں سیکرٹری چرچ آف پاکستان شہزاد گل، سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ کے دانش، ریونڈ ڈاکٹر مجید ایبل، اور شمعون کیتھڈرل چرچ کے نمائندے شامل تھے۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز سمیت سینئر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے مذہبی رہنماؤں کو کرسمس کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں بسنے والی ہر قومیت کے جان و  مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ لاہور پولیس مسیحی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ بازاروں، مارکیٹوں، گرجا گھروں، اور دیگر اہم مقامات کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکاروں کے ساتھ والنٹیئرز بھی تعینات کیے جائیں گے جبکہ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار تعینات ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کے دوران سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پارکنگ کے اضافی انتظامات بھی کیے جائیں گے تاکہ عوام بلا خوف و خطر تہوار منا سکیں۔