لاہور(کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یتیم بچوں کے اعزاز میں آبشار پوائنٹ پر خصوصی افطار و ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد لاہور پولیس اور پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا جس میں بچوں نے خوشگوار اور یادگار وقت گزارا۔یتیم بچوں کے وفد کا پولیس پروٹوکول کے ساتھ پولیس لائنز میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پریڈ گراؤنڈ میں پولیس کے جوانوں اور خواتین پولیس افسران کے سلامی دستے نے بچوں کو سلامی پیش کی جس پر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے بچوں کے ہمراہ یادگارِ شہداء پولیس لائنز پر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے یتیم بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھا اور ان کے ساتھ خصوصی وقت گزارا۔ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے بچوں کے ساتھ افطاری کی۔ تقریب کے دوران بچوں کے لئے میجک شو کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بچوں نے جادوئی کرتب دیکھ کر خوب لطف اٹھایا۔بچوں نے مختلف گیمز اور تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں سرٹیفیکیٹس اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔نجی فلاحی ادارے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے کہا کہ یتیم بچوں کی سرپرستی معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور محروم و نادار بچوں کی خوشیوں میں شریک ہونا باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ سماجی فلاح کے مشن پر بھی گامزن ہے۔تقریب کے اختتام پر بچوں نے پولیس افسران اور جوانوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور اس یادگار تقریب کو سراہا۔