لاہور پولیس الرٹ،چاک و چوبند دستے تعینات

صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے حساس مقامات کی نگرانی ، پولیس کا فلیگ مارچ
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے لاہور پولیس نے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی۔ اہم مقامات پر سخت نگرانی اور فیلڈ میں موجود افسران کے ذریعے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور عوام بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ سرگرمیاں انجام دیں۔ پولیس کا ہر افسر اور جوان شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔شہریوں کے تحفظ کیلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چاک و چوبند دستے تعینات ہیں اور بازاروں، عبادت گاہوں، اور عوامی اجتماعات کی حفاظت کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ حساس مقامات کی نگرانی سیف سٹی کیمروں اور مسلسل پٹرولنگ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم شاہراؤں پر پولیس کا فلیگ مارچ بھی  جاری ہے جبکہ ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز اپنی ڈویڑنز میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔