بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ٹیموں کی حفاظت اہم ترجیح :۔سی سی پی اوبلال
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پولیو کے مکمل خاتمے کے مشن کی تکمیل کے لئے لاہور پولیس نے انسداد پولیو ویکسینیشن مہم کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات تشکیل دیئے ہیں۔ لاہور پولیس 6448پولیوٹیموں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیوورکرز 22لاکھ بچوں کوگھر گھر جا کر ویکسین پلائیں گے۔ لاہور پولیس کے381اپر سبارڈنیٹس اور1ہزار سے زائد اہلکارپولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔ لاہور میں 498 موٹرسائیکل دستے اور 83 موبائل پٹرولنگ یونٹس پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لئے فیلڈ میں مسلسل گشت کریں گے۔ انسدادِ پولیو مہم لاہور کی27یونین کونسلزاور10زونز میں جاری رہے گی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے انسدادِ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 16سے22دسمبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ گی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں، ریلوے اسٹیشن اوربس اڈوں پر بچوں کو ویکسین پلانے والے پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سپروائزری افسران متعلقہ علاقوں میں پولیو ٹیموں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈولفن سکواڈاور پولیس رسپانس یونٹس پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لئے موثر پٹرولنگ جاری رکھیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے سرگرم ٹیموں کی حفاظت ہماری اہم ترجیح ہے۔