ٹیم کو یونین کونسل روغانی میں نشانہ بنایا گیا،نظام الدین موقع پر دم توڑگیا
سرگودھا میں ایریا انچارج پر 2 خواتین، مرد کا شدید تشدد،کپڑے پھاڑ دئیے
کوئٹہ، سرگودھا (خصوصی رپورٹ )چمن میں یونین کونسل روغانی کیعلاقے میں انسداد پولیوٹیم پرحملہ،سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔پولیومہم کیدوران نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کیا،جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار موقع پردم توڑ گیا۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کے مطابق پولیو ٹیم انسداد پولیو مہم میں مصروف تھی کہ موٹرسائیکل پر سوار مسلح دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار نظام الدین موقع پر شہید ہوگیا۔ ادھر سرگودھا میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران خواتین سمیت تین افراد نے پولیو ٹیم کی انچارج کوتشدد کا نشانہ بنا ڈالا، کپڑے پھاڑ دئیے، مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پولیو مہم کی ایریا انچارج تنویر تبسم اعوان نے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ یونین کونسل 104 جنوبی میں ٹیم کی مانیٹرنگ کے لیے محلہ جالندھری پہنچی تھیں، جہاں آصفہ اور راشدہ نے ابوذر کے ساتھ مل کر ان پر حملہ کر دیا۔ ملزموں نے ان کے بال نوچے،زمین پر گرایا اور کپڑے پھاڑ دئیے۔ اس دوران پولیو ویکسین کیریئر گرنے سے قیمتی ویکسین بھی ضائع ہوگئی۔ تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔