’کرپشن ختم کریں، ورنہ مجھے دوبارہ احتجاج کرنا پڑے گا‘، رام دیو نے مودی حکومت کو خبردار کر دیا

’کرپشن ختم کریں، ورنہ مجھے دوبارہ احتجاج کرنا پڑے گا‘، رام دیو نے مودی حکومت کو خبردار کر دیا

بھارتی معروف یوگا گرو بابا رام دیو نے طلبہ کے احتجاج اور سرکاری ملازمتوں میں مبینہ بدعنوانیوں پر مرکزی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر مسائل کو فوری حل نہ کیا گیا تو احتجاج شدت اختیار کرسکتا ہے اور انہیں دوبارہ سڑکوں پر آنا پڑ سکتا ہے۔ بھارت کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پتنجلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رام دیو نے کہا کہ ملک کے کئی اسکولوں اور کالجوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے، جن میں بجلی، پانی، بیت الخلاء اور اساتذہ کی عدم دستیابی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض مقامات پر نقل، امتحانی پرچوں کے لیک ہونے اور سرکاری ملازمتوں کے انتخاب میں رشوت، بدعنوانی اور ذات و مذہب کی بنیاد پر امتیاز کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ رام دیو نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اداروں میں مبینہ گھپلوں اور بدعنوانیوں کو فوری طور پر روکا جائے، ورنہ احتجاج میں شدت آ سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ احتجاج کے نام پر تشدد اور قانون شکنی کی حمایت نہیں کرتے، اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں مگر قانون اور آئین کے دائرے میں رہیں۔انہوں نے بھارت میں ذات اور مذہب کی بنیاد پر بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور برہمن، کشتریہ، ویشیہ، شودر، دلت اور دیگر برادریوں کے درمیان نفرت کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ رام دیو نے 2011ء میں اپنی سابقہ تحریک کا ذکر کیا اور کہا کہ اگر موجودہ مسائل حل نہ ہوئے تو انہیں دوبارہ احتجاج کرنا پڑ سکتا ہے۔