رکشے کی ٹکر سے صدیقہ، کیری ڈبہ ٹکرانے سے 80سالہ عبدالغفور نے دم توڑ ا
اوکاڑہ، دیپالپور، حویلی لکھا،بصیرپور، چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ اور چیچہ وطنی میں دو ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے۔ قلعہ دیوان سنگھ کے قریب حجرہ روڈ پر نامعلوم رکشہ نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار ی ،جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 50 سالہ خاتون صدیقہ بی بی سڑک پر جاگری اور شدید چوٹیں لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئی، نامعلوم رکشہ ڈرائیور رکشہ سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوکی ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں،ضروری کارروائی کے بعد خاتون کی لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ حادثے کے ذمہ دار نامعلوم رکشہ ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ادھر چیچہ وطنی کے تھانہ کسووال کی حدود میں تیز رفتار کیری ڈبہ ٹکراجانے سے 80سالہ بزرگ جاں بحق ہوگیا۔ اقبال نگر بائی پاس چک 7 چودہ ایل کے قریب 80 سالہ عبدالغفور فجر کی نماز پڑھ کر گھر واپس جارہا تھا کہ اسی اثنا میں تیز رفتار کیری ڈبہ نے روند ڈالا ،عبدالغفور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔