این سی سی آئی اے کا چھاپہ، نازیبا ویڈیوز بنانیوالا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا

گرفتار 114 ملزمان کا تعلق 4 ممالک سے ، کئی پاکستانی بھی شامل ہیں، پیکا قانون کے تحت مقدمہ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں مشہور شخصیات کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کے پکڑے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر نیٹ ورک چلانے والے 114 غیر ملکی گرفتار کئے گئے ہیں ، ملزمان کا تعلق 4 ممالک سے ہے۔ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، گرفتار ملزمان مصنوعی ذہانت سے مشہور شخصیات کی ویڈیوز بنانے میں ملوث تھے۔ذرائع نے بتایا کہ این سی سی آئی اے ٹیم نے نجی کمرشل پلازے پر چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کیا ، ملزمان نے نجی کمپنی قائم کرکے نازیبا ویڈیوز کا نیٹ ورک بنایا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق غیر ملکی ملزمان کیساتھ 2 درجن سے زائد پاکستانی بھی ملوث تھے، غیر ملکیوں سے تمام مواد تحویل میں لے لیا گیا۔این سی سی آئی اے نے چار غیر ملکی سفارتخانوں کو ملزمان کی گرفتاری سے آگاہ کر دیا ، ملزمان کو ریمانڈ کی استدعا کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔