سعودی عرب کیساتھ ہیں:شہبازشریف پاکستان اور قطرکا توانائی‘دفاع میں تعاون بڑھانے پراتفاق
امریکہ ایران مذاکرات آگے بڑھانے، خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے‘ سعودی قیادت سعودی عرب سمیت تمام امن پسند لوگوں کے لئے مثال ہے :وزیر اعظم کا ولی عہد سے ملاقات کے بعد بیان
وزیراعظم کی امیرِ قطر سے ملاقات میں پاکستان اور خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ ‘وزیراعظم نے جنگی طیاروں کی جانب سے استقبال پرپائلٹوں اور قطری حکام کا شکریہ ادا کیا
دوحہ‘ریاض(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماں کے درمیان گرمجوش اور برادرانہ گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے قطری جنگی طیاروں کی جانب سے پاکستانی طیارے کو سکواڈ کی صورت میں دیے گئے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور قطر کی مہمان نوازی کو سراہا۔گفتگو میں خطے کی صورتحال، خصوصا خلیجی خطے میں امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔وزیراعظم نے قطر اور دیگر ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔قبل ازیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق دوحہ پہنچنے پر قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا، جبکہ قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، اس موقع پر دوحہ ائیرپورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے بھی سجایا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل کو سراہا۔وزیراعظم نے بتایا ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔دریں اثنا وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جدہ میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریبا دو گھنٹے جاری رہی، اس دوران دونوں رہنمائوں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا