پاکستان اور سعودی عرب میں اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق‘ توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط:وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کا اعلامیہ

 امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح  ماضی کی غلطیوں سے سیکھا اور آگے بڑھے:شہبازشریف

سعودی ولی عہد کے ترقی کے ویژن کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے‘ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں
 قرضوں کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دے رہے ہیں، پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا  ہونے کیلئے انتھک محنت کر رہا ہے، اللہ کی مدد اور محنت سے پاکستان کو کامیاب بنائیں گے:ریاض میں گول میز مباحثے میں گفتگو
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  ہے ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا اور آگے بڑھے، ملکی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی 9 ویں کانفرنس کے تحت اعلیٰ سطح گول میز مباحثے کا انعقاد کیا گیا، مباحثے کا موضوع ’’کیا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے‘‘ تھا۔وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ سطح مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا  سعودی ولی عہد کے ترقی کے ویژن کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، ایف بی آر میں اصلاحات کر کے مکمل ڈیجیٹائزڈ کر دیا گیا ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے، پاکستان کو سیلاب، بادل پھٹنے جیسی قدرتی آفات کا سامنا رہتا ہے، قدرتی آفات کے نتیجے میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ متاثرین کی بحالی کے عمل کے لیے ہمیں زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے، مسلسل قرضوں سے ملکی معیشت کمزور پڑتی ہے، انسانیت کو صحیح سمت لے جانے کے لیے مختلف شعبوں میں برابری کا تعاون ہونا چاہئے۔شہباز شریف نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون سے آگے بڑھا جاسکتا ہے، پاکستان اے آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلیے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، آرٹیفشل انٹیلی جنس سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ زرعی شعبے میں جدت کے لیے اے آئی سے استفادہ کر رہے ہیں، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کر رہے ہیں، زرعی شعبے میں جدت کے لیے پاکستانی نوجوان چین سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ قرضوں کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دے رہے ہیں، پاکستان اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے، اللہ کی مدد اور محنت سے پاکستان کو کامیاب بنائیں گے۔ امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح ہے، پاکستان 24 کروڑ افراد کا ملک ہے، پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، انتھک محنت سے ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں، کسی بھی کام کے لیے پختہ ارادہ کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔قبل ازیں  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تقریبا 8 دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت کی مضبوطی اور دونوں ممالک کی قیادت کو متحد کرنے والے بھائی چارے و اسلامی یکجہتی کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہے۔اعلامیہ کے مطابق یہ فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہے اور ان کی تکمیل کیلئے   تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کی باہمی خواہش کا اعادہ ہے۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی اسٹریٹجک اور اعلی اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، نجی شعبے کے اہم کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ فریم ورک کے ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ شامل ہیں
شہبازشریف