سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کی فیلڈ مارشل سے ملاقات‘علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال، وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا

پاکستان ‘ سنگاپور میں  تجارت، سرمایہ کاری   بڑھانے پر اتفاق  شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں:شہبازشریف
وزیراعظم  اور وزیرخارجہ کی ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا
پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر خوشی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں:وزیرخارجہ
 پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سنگاپور کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے:اسحاق ڈار‘علاقائی امن، استحکام اور سکیورٹی کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینا اور بامقصد رابطے برقرار رکھنا ضروری ہے:فیلڈ مارشل
اسلام آباد(آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے ملاقات کی ۔ جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اسلام آباد میں ہونے والی  ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفرااسٹرکچر، لاجسٹکس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔شہباز شریف نے سنگاپور کی اقتصادی ترقی، جدت اور کامیاب تبدیلی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ سطح پر اور آسیان کے پلیٹ فارم کے ذریعے تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں فریقین نے باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ اسلام آباد میں مشترکہ پریس بریفنگ میں سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا ہے  پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر خوشی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کی آزادی کو تسلیم کیا، پاکستان کے اس تاریخی کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور مسلسل مشاورت جاری ہے‘اسحاق ڈار نے کہا  پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کی آزادی کے بعد اسے تسلیم کیا۔ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہونے والا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی مشترکہ خواہش کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا  پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے میں سنگاپور کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سنگاپور سول ڈیفنس فورس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس سے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے میں مدد ملے گی۔علاوہ ازیں  سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن، استحکام اور سیکیورٹی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینا اور بامقصد رابطے برقرار رکھنا اہمیت کا حامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے بھی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا