اسلام آباد: جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں ملزم فردوس کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے پاس ہیوی ٹریفک لائسنس موجود نہیں، جبکہ اس کا ایل ٹی وی لائسنس 2016 میں ختم ہو چکا ہے۔ مزید برآں، ملزم کے کاغذات کی تصدیق کی جا رہی ہے اور ڈمپر کے مالک کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔حادثے کے بعد عوام کے تشدد سے ملزم کی آنکھ پر چوٹ آئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں جاں بحق افراد کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔