افریقی ملک جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) کے شمال مغربی علاقے میں دریائے کانگو میں ایک خوفناک کشتی حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 50 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ حادثہ مبندکا قصبے کے قریب اس وقت پیش آیا جب 400 مسافروں کو لے جانے والی لکڑی کی کشتی میں آگ بھڑک اٹھی۔ کشتی متانکومو کی بندرگاہ سے روانہ ہو کر بولمبا کی طرف جا رہی تھی۔حادثے کی وجہ کشتی میں ایک خاتون کے کھانا پکانے کے دوران آگ لگنا بتایا گیا ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری کشتی میں پھیل گئی۔ کشتی میں سوار افراد کی اکثریت خواتین اور بچے تھے، اور کئی افراد تیرنا نہ جاننے کے باعث پانی میں ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ریڈ کراس اور مقامی حکام نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، اور درجنوں افراد کو بچا لیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔
ماہرین کے مطابق کانگو میں اس طرح کے کشتی حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، کیونکہ اکثر کشتیوں پر زیادہ بوجھ ہوتا ہے اور حفاظتی تدابیر کا فقدان پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، ریسکیو ٹیموں کی تربیت بھی ناقص ہے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مؤثر نہیں ہو پاتیں۔یہ حادثہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جمہوریہ کانگو میں پانی کے راستوں پر سفر کرنے والی کشتیوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی اور ضرورت سے زیادہ بوجھ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ گزشتہ دسمبر اور اکتوبر میں بھی اسی طرح کے حادثات میں سینکڑوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔