کنشاسا: کانگو میں 2 کشتی حادثات، 193 ہلاکتیں، درجنوں لاپتہ

کنشاسا: کانگو میں 2 کشتی حادثات، 193 ہلاکتیں، درجنوں لاپتہ

افریقی ملک جمہوریہ کانگو دو المناک کشتی حادثات کی لپیٹ میں آگیا، جن میں اب تک کم از کم 193 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلا حادثہ 10 ستمبر کو صوبہ ایکواٹور کے علاقے بسنکسو میں پیش آیا، جہاں ایک موٹرائزڈ کشتی کے الٹنے سے 86 افراد ہلاک ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد طلبہ کی تھی۔ حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی اور کئی افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔دوسرا بڑا حادثہ 11 ستمبر کو دریائے کانگو کے کنارے کولیلا کے مقام پر پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق کشتی میں 500 سے زائد افراد سوار تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور کشتی الٹ گئی۔ اس حادثے میں 107 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 200 سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ تاہم اب بھی تقریباً 150 افراد لاپتہ ہیں۔

وزارتِ انسانی امور نے تصدیق کی ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق کانگو میں کشتی حادثات عام ہیں، جن کی بڑی وجوہات اوور لوڈنگ، حفاظتی اقدامات کی کمی اور پرانی کشتیوں کا استعمال ہیں۔