کانگو میں کشتی ڈوبنے کا المناک حادثہ، 193 افراد ہلاک، بیشتر طلبہ شامل

کانگو میں کشتی ڈوبنے کا المناک حادثہ، 193 افراد ہلاک، بیشتر طلبہ شامل

ویب ڈیسک: افریقی ملک کانگو میں گزشتہ روز ایک کشتی ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 193 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

 مرنے والوں میں بڑی تعداد طلبا و طالبات کی ہے جو اپنے گھروں سے تعلیم کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کر رہے تھے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ بسنکسو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں موٹر سے چلنے والی کشتی ندی میں الٹ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کشتی میں ضرورت سے زیادہ مسافر اور بھاری سامان موجود تھا، جس کی وجہ سے اچانک توازن بگڑ گیا اور کشتی ڈوب گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 100 سے زائد لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ درجنوں افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں تاہم سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔ مقامی آبادی اور ندی کنارے بسنے والے دیہاتی بھی امدادی کارروائیوں میں ریسکیو ٹیموں کی مدد کر رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ اوور لوڈنگ، سامان کی غلط لوڈنگ اور رات کے وقت نیویگیشن کی خامیاں قرار دی گئی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کانگو میں اکثر حفاظتی اقدامات نظر انداز کرنے اور گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھانے کی وجہ سے ایسے سانحات پیش آتے رہتے ہیں۔اس حادثے نے پورے خطے کو سوگوار کر دیا ہے، جبکہ حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔