جمہوریہ کانگو میں ایبولا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا، 1274 کیسز اور 360 اموات

جمہوریہ کانگو میں ایبولا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا، 1274 کیسز اور 360 اموات

ایبولا وائرس کے باعث جمہوریہ کانگو میں صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں مصدقہ کیسز کی تعداد 1274 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 360 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کانگو حکومت نے اس وبا کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے امدادی اداروں کے مطابق ملک کے مشرقی علاقوں میں ایبولا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ وبا ایبولا کی “بنڈی بگیو” قسم سے پھیلی ہے، جس کا اعلان 15 مئی کو کیا گیا تھا۔عالمی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وبا مزید علاقوں تک پھیل سکتی ہے اور صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب نے صحت عامہ کے خدشات کے پیش نظر 3 افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سعودی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی سوڈان، جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا سے آنے والے افراد کو تاحکم ثانی مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

گزشتہ ہفتے کانگو سے فرانس پہنچنے والے ایک ڈاکٹر میں بھی ایبولا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق متاثرہ شخص کانگو کے متاثرہ علاقے میں انسانی ہمدردی کے مشن کے بعد واپس آیا تھا۔عالمی صحت ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی امداد اور کنٹرول اقدامات جاری ہیں۔