غزہ کی تباہی بند کرو، جنگ بندی ہی حل ہے:فرانسیسی صدر کا نیتن یاہو کو دو ٹوک پیغام

آبادی جس کرب سے گزر رہی ہے، اسے اب ختم ہونا چاہیے، تمام انسانی امدادی راستے کھو لے جائیں، میکرون
 فلسطینی ریاست کا قیام دہشتگردی کا انعام ہو گا، اسے دہشتگردی کا گڑھ بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا،اسرائیلی وزیراعظم 
  پیرس(آئی این پی ) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ غزہ کے شہریوں کی مشکلات ختم ہونی چاہئیں اور صرف جنگ بندی ہی باقی اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا راستہ ہے۔صدر میکرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا،غزہ کی عام آبادی جس کرب سے گزر رہی ہے، اسے اب ختم ہونا چاہیے۔انہوں نے تمام انسانی امدادی راستے کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔میکرون نے نیتن یاہو پر واضح کیا کہ تمام مغویوں کی رہائی اور حماس کا غیر مسلح ہونا فرانس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی، اور دو ریاستی حل کی سیاسی راہ کی بحالی جلد ممکن ہو گی۔ نیتن یاہو نے میکرون کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کا قیام دہشتگردی کا انعام ہو گا، اور اسے ایرانی حمایت یافتہ دہشتگردی کا گڑھ بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔میکرون نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی بات کی اور کہا کہ اگر فلسطینی اتھارٹی اصلاحات کرے تو جنگ کے بعد غزہ کا انتظام سنبھالنے کے لیے اس کی حمایت کی جا سکتی ہے۔