لاہور سے اغواء امریکی شہریت کی حامل لڑکی جھنگ سے بازیاب، ملزم گرفتار

 ملزم حسن14سالہ فاطمہ زہرہ کو ورغلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا،پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کااعلان 
 لاہور(آئی این پی )لاہور کے علاقے سندر سے اغواء ہونے والی امریکن نیشنل لڑکی کو ضلع جھنگ سے بحفاظت بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس پر اغواء ہونے والی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے پولیس ٹیم کو لڑکی کی بحفاظت بازیابی کا ٹاسک دیا تھا، ضلع جھنگ سے بازیاب ہونے والی 14سالہ مغویہ لڑکی فاطمہ زہرہ کو والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔انچارج ایس ایس او آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم حسن معصوم لڑکی فاطمہ زہرہ کو ورغلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، سندر پولیس ٹیم نے لڑکی کو ضلع جھنگ سے بازیاب کروا کر ملزم حسن کو گرفتار کیا۔لڑکی کی والدہ نے تھانہ سندر میں اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے لڑکی کی بحفاظت بازیابی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔