ملزم حسن 14سالہ فاطمہ کو ورغلا کر ساتھ لے گیا تھا،پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کااعلان
لاہور(کرائم رپورٹر)سندر سے اغواء ہونے والی امریکن نیشنل لڑکی کو ضلع جھنگ سے بحفاظت بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس پر اغواء ہونے والی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے پولیس ٹیم کو لڑکی کی بحفاظت بازیابی کا ٹاسک دیا تھا،ضلع جھنگ سے بازیاب ہونے والی 14سالہ مغویہ لڑکی فاطمہ زہرہ کو والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔انچارج ایس ایس او آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم حسن معصوم لڑکی فاطمہ زہرہ کو ورغلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا۔سندر پولیس ٹیم نے لڑکی کو ضلع جھنگ سے بازیاب کروا کر ملزم حسن کو گرفتار کیا۔لڑکی کی والدہ نے تھانہ سندر میں اپنی بیٹی کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے لڑکی کی بحفاظت بازیابی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا۔